فواد خان اور صنم سعیدکی " برزخ" متنازعہ ہوگئی، ویب سیریز کی کہانی کیا تھی؟ ،آخر معاملہ کیا تھا؟
فواد خان اور صنم سعید چھوٹی اور بڑی سکرین کے منجھے ہوئے اداکار مانے جاتے ہیں۔ ان کی حال ہی میں ویب سیریز" برزخ" کچھ مناظر کی وجہ سے متنازعہ ہوگئی اور معاملہ اتنا بڑھا کہ اس ویب سیریز کو یوٹیوب سے ہٹانے تک کی نوبت آگئی۔واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں پاکستانی فلمیں ’جوائے لینڈ‘ اور ’زندگی تماشہ‘ بھی اپنے منفرد موضوعات کی وجہ سے عوامی ردعمل اور پابندیوں کا شکار رہی ہیں۔’برزخ‘ کے ذریعے تقریبا 12 سال بعد صنم سعید اور فواد خان کی ایک ساتھ سکرین پر واپسی ہوئی تھی اس سے قبل دونوں نے ایک ساتھ زندگی گلزار ہے میں کام کیا تھا۔
ان دونوں کا انتظار کیاجارہا تھا کہ یہ کب آن سکرین ایک ساتھ آتے ہیں۔’برزخ‘ کو 19 جولائی کی شب کو بھارتی سٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو اور زندگی کے آفیشل یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا۔ دو اقسطا ط تک تو کچھ نہ ہوا لیکن جیسے ہی تیسری قسط ریلیز ہوئی تو شدید تنقید ہوئی۔ چھ اقساط پر مشتمل اس سیریز کی آخری قسط چھ اگست کو یو ٹیوب پر جاری کی گئی لیکن اسی دن ’زی زندگی‘ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نو اگست کے بعد پاکستان میں یو ٹیوب پر اس ڈرامے تک رسائی ممکن نہیں ہو گی۔
’ برزخ ‘ کی کہانی ایک 76 سالہ شخص کی دوسری شادی اور اس کے خاندان کو شادی کی تقریب میں مدعو کیے جانے سمیت خاندان کے اندر ہونے والے مسائل کے گرد گھومتی ہے۔سیریز کی عکس بندی پاکستان کے مقبول سیاحتی مقام ہنزہ اور اور کراچی شہر میں کی گئی ہے۔ اس کی کاسٹ میں فواد خان اور صنم سعید کے علاوہ ایمان سلیمان، فائزہ گیلانی، خوشحال خان، سلمان شاہد، انیقا ذوالفقار علی اور فرانکو گوئسٹ سمیت دیگر شامل ہیں۔
فواد خان اور صنم سعید کی یہ سیریز مرکزی جوڑے شہریار اور شیرزادے کے ارد گرد گھومتی ہے۔ ان کے ساتھ سلمان شاہد جعفر خانزادہ کے طور پر شامل ہیں، ساتھ ہی ایک شاندار معاون کاسٹ جس میں ایمان سلیمان، خوشحال خان، فائزہ گیلانی اور محمد شاہ شامل ہیں۔
عاصم عباسی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس سیزیز کو بھارتی پروڈیوسر نے پروڈیوس کیاتھا اور اسے بھارتی سٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے ہی بنایا گیا تھا۔
فواد خان اور صنم سعید پہلی بار بہن اور بھائی کے کرداروں میں سکرین پر نظر آئے۔اس ویب سیریز میں مختلف کرداروں کے درمیان پیچیدہ تعلقات اور سماجی مسائل کو پیش کیاگیاتھا۔ برزخ کی کہانی ایک 76 سالہ شخص جعفر کےگرد گھومتی ہے جو عالم برزخ میں موجود اپنی پہلی محبت سے شادی کے لیے اپنے بیٹوں کو مدعو کرتا ہے۔ایک طرف جعفر اپنی شادی کے لیے عالم برزخ کو جانے کی تیاریوں میں ہے جبکہ دوسری طرف اسی بستی کے لوگ دو دنیاؤں کے لوگوں کے اس ملن سے دنیا کے فنا ہونے کے خوف میں ہیں۔
اس کہانی میں ادب کی جدید تکنی جادوئی حقیقت نگاری سے کام لیا گیا ہے۔سیریز میں حیات بعد از مرگ، ذہنی صحت، زچگی کے بعد ڈپریشن، زبردستی شادی جیسے موضوعات کے علاوہ نفسیاتی مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے افراد کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔ تاہم اس میں کچھ مناظر ایسے تھے جس کی وجہ سے شدید تنقید ہوئی، اس میں سے ہم جنس پرستی بھی تھا۔
19 جولائی کو بھارتی یوٹیوب چینل ‘زندگی’ اور ‘زی فائیو’ پر ریلیز ہونے والی سیریز ‘برزخ’ کی پہلی اور دوسری قسط نے جہاں پاکستانی اور بھارتی مداحوں کے دل جیتے تو وہیں سریز کی تیسری قسط دیکھ کر پاکستانی مداح غصے سے بھڑک اٹھے۔پاکستان میں ہم جنس پرستی کے مواد پر شدید ردعمل کے بعد بھارتی یوٹیوب چینل ’زندگی‘ نے انسٹاگرام پر اعلان کیا ہے کہ وہ نو اگست سے ویب سیریز کو یوٹیوب سے ہٹادیں گے۔سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ ساتھ پاکستان شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات نے بھی اس سیریز کے بائیکاٹ کرنے سے متعلق بات اور تنقید کی تھی۔دوسری جانب کچھ شخصیات نے ویب سیریز ’برزخ‘ کے حق میں رائے دی تھی۔
پاکستانی اداکار فواد خان نے اپنی نئی انڈین ویب سیریز پر تنقید کے بعد انسٹاگرام پر کمنٹ سیکشن بند کردیاتھا۔ اداکارہ صنم سعید نے برزخ کو ملنے والے فیڈ بیک کوزبردست قرار دیتے ہوئے کہ برزخ میں بہت سی چیزیں ایسی تھیں جن کی وجہ سے لوگ اس کی طرف متوجہ ہوئے۔ کچھ لوگ ایسے ہیں جن کوشو سمجھ میں نہیں آیا۔ اگر وہ لوگ ایک بار غور سے پورا شو دیکھیں گے تو انہیں سمجھ آ جائے گی۔ برزخ پرلوگوں کا ردعمل ویسا ہی ملا جیسی ہمیں توقع تھی۔
پاکستان میں عام طور پر مصنف انگریزی ناولز اور کہانیوں سے متاثر ہوکر اپنی کہانیوں کو اس رنگ میں ڈھال تو لیتے ہیں لیکن ہمارے فلم اور ٹی وی شائقین اس کو اکثر وبیشتربولڈ موضوعات یا یوں کہیں کہ کچھ مناظر کی وجہ سے مشرقی روایات کے پابند ہوکر قبول نہیں کرپاتے اور پھر اس قسم کی کہانیاں تنقید کاشکار ہوجاتی ہیں اور تنقید صرف کہانی پر ہیں اس میں کام کرنے والے سب فنکاروں پر ہوتی ہے۔
No comments:
Post a Comment