سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں عام شہریوں کا علاج معالجہ کے لیے سفارشات،عام شہریوں کے آپریشن کرنے پر ہسپتالوں کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے نرخوں پر ادائیگی کی جائے گی
لاہور(رپورٹ:شاہدہ بٹ)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں عام شہریوں کا علاج معالجہ کے لیے سفارشات کرلی گئیں ۔ڈاکٹر جمال ناصر وزیر پرائمری ہیلتھ کیئر کی سربراہی میں وزراء کی کمیٹی نے علاج کے اخراجات کے لئے سفارشات تیار کیں۔سفارشات کی تیاری کے لئے وزراء کی کمیٹی کے تین اجلاسوں میں وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جاوید اکرم اور وزیر تعلیم منصور قادر،سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان ، سیکرٹری لیبر فیصل فرید اور کمشنر سوشل سیکیورٹی نادیہ ثاقب نے بھی شرکت کی۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہاکہ عام شہریوں کے آپریشن کرنے پر سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو یونیورسل ہیلتھ انشورنس( ہیلتھ کارڈ) کے نرخوں پر ادائیگی کی جائے گی۔
ان کاکہنا تھا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں عام شہریوں کے امراض قلب کے آپریشن کرنے پر 70 فیصد ادائیگی ہیلتھ کارڈ جبکہ باقی 30 فیصد حکومت پنجاب کی طرف سے کی جائے گی۔بچوں کی پیدائش کے لئے عام عورتوں کے آپریشن کرنے پر تمام اخراجات حکومت پنجاب کی طرف سے ادا کئے جائیں گے۔ اس مقصد کے لئے ریوالونگ فنڈ قائم کیا جائے گا۔ سفارشات پر عمل درآمد سوشل سیکیورٹی کے گورننگ بورڈ کی طرف سے آمادگی سے مشروط ہوگا۔
سفارشات مزید کارروائی کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہیں۔صنعتی کارکنوں کو اب سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں شام کے وقت بھی علاج کی سہولت میسر ہو گی۔سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں موجود صنعتی کارکنوں کی ضروریات سے زیادہ سہولتیں ہی صرف عام شہریوں کے علاج کے لئے استعمال کی جائیں گی ۔سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں عام شہریوں کے علاج کے اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی ۔ان کاکہنا تھا کہ سوشل سکیورٹی ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔
No comments:
Post a Comment