نوائے درویش ایسی ویب سائیٹ ہے جو آپ کومنفرد خبروں،سپورٹس،شوبز ، سیاست،مضامین،کالمز ،انٹرویوز اور نوائے درویش کے مضامین سے باخبر رکھے گی۔ اس کے علاوہ کچھ منفرد تصاویر جوآپ کی توجہ اپنی طرف لے جائیںگی۔ اس لئے باخبر رہنے کے لئے لاگ آن کریں نوائے درویش

پاکستان 37 سال بعد ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن بن گیا۔۔۔۔ حمزہ خان کی جیت تمام پاکستانیوں کے لیے قابل فخر لمحہ۔۔اگلا ہدف کیا ہے؟


پاکستان 37 سال بعد ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن بن گیا۔۔۔۔ حمزہ خان کی جیت  تمام پاکستانیوں کے لیے قابل فخر لمحہ۔۔اگلا ہدف کیا ہے؟



پاکستان 37 سال بعد ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن بن گیا۔نئے ستارے نے جھلک دکھلائی،کھویا ورثہ واپس ملا،ماضی کی یادیں تازیں ہوگئیں۔ 37 سال بعد ورلڈ جونیر ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی،میلبرن میں ہونے والے فائنل میں فیوچر اسٹار نے مصر کے محمد زکریا کو شکست دی۔پاکستان کے حمزہ خان نے مصر کے محمد ذکریا کو شکست دے کر ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ 2023 جیت لی اور 1986 کے بعد ملک کے پہلے چیمپئن بن گئے۔آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے دوران حمزہ خان نے محمد ذکریا کو 1-3 سے شکست دی۔

قومی کھلاڑی حمزہ خان نے 37 سال بعد پاکستان کو ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ جیتوا کر تاریخ رقم کردی۔آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں جاری چیمپئن شپ کے فائنل میں حمزہ نے مصر کے محمد ذکریا کو تین - ایک سے شکست دی ، حمزہ خان کی جیت کا سکور 12-10، 12-14، 3-11 اور 6-11 رہا۔اس سے قبل سیمی فائنل میں حمزہ خان نے فرانس کے میلول سیانی مینیکو کو شکست دی تھی، حمزہ خان اور فرانسیسی کھلاڑی کے درمیان میچ 81 منٹ جاری رہا تھا۔میچ کے دوران ریفری نے حمزہ خان کے خلاف متنازع فیصلے بھی دیے، حمزہ خان نے کوارٹر فائنلز میں ملائیشیا کو شکست دے کر ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔آخری بار پاکستانی کھلاڑی عامر اطلس نے 2008 کے فائنل میں جگہ بنائی تھی اور پاکستان کی جانب سے آخری فاتح جان شیر خان تھے جنہوں نے 1986 میں یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔اپنی جیت پر ردعمل دیتے ہوئے حمزہ خان جنہوں نے 2020 میں برٹش جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں انڈر 15 کا ٹائٹل جیتا تھا، نے اپنے کوچ، اپنے مینیجرز اور اپنے والدین کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

حمزہ خان کی شاندار تاریخی فتح کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے 37 سال بعد ٹائٹل پاکستان واپس لانے پر سکواش کھلاڑی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ حمزہ خان مستقبل قریب میں پاکستان کو اس کھیل میں ناقابل تسخیر بنا دیں گے، انہوں نے حمزہ خان کے والدین، کوچ اور ٹیم کے تمام ارکان کو بھی مبارکباد دی۔حمزہ خان کون ہیں؟سفر کیسےشروع کیا؟پشاور سے تعلق رکھنے والے حمزہ خان اس کھیل سے تعلق رکھنے والے خاندان کا پس منظر رکھتے ہیں، سابق عالمی نمبر 14 شاہد زمان ان کے ماموں ہیں اور لیجنڈ کھلاڑی قمر زمان بھی حمزہ خان کے قریبی رشتہ دار ہیں، قمر زمان کی اہلیہ حمزہ خان کی پھوپھی تھیں۔

اپنے ابتدائی سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے حمزہ خان نے اپنی کامیابیوں کا کریڈٹ اپنے والد نیاز اللہ کو دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ میرے والد نے انٹر کالج، انٹر یونیورسٹی کھیلوں میں اسلامیہ کالج اور پشاور یونیورسٹی کی نمائندگی کی تھی، وہ مجھے ہاشم خان اسکواش کمپلیکس لے جاتے جہاں وہ میری کوچنگ کیا کرتے تھے، میں عام طور پر وہاں آدھے گھنٹے تک پریکٹس کرتا تھا، اس کے بعد میں پی اے ایف اکیڈمی پشاور کے انڈر 11 ٹرائلز میں شامل ہوا جہاں میں نے اس وقت کے پاکستان انڈر 11 چیمپئن سمیت باقی تمام سات لڑکوں کو شکست دی اور منتخب ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب میں نے 2016 میں چیف آف ایئر سٹاف انڈر 11 جیتا تو مجھے پاکستان سکواش فیڈریشن (پی ایس ایف) نے اسلام آباد میں تربیت کے لیے بلا لیا۔میری بڑی منزل اور اصل ہدف برٹش اوپن اور ورلڈ اوپن ٹائٹلز کو واپس پاکستان میں لانا ہے۔حمزہ اس پختہ ارادے سے سکواش کھیل رہے ہیں کہ انہوں نے پاکستان کو دوبارہ عالمی چیمپئن بنانا ہے۔انہوں نے قریب دو سال قبل ہی اپنے اس ارادے کا اظہار کر دیا تھا کہ وہ پاکستان کو ایک بار پھر سکواش کا عالمی چیمپئن بنائیں گے۔2020 میں برٹش جونیئر سکواش چیمپئن بننے پر انھوں نے کہا تھا کہ ان کا مستقبل کا ہدف ورلڈ چیمپئن بننا ہے۔


جیت پر مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ جیتنے پر حمزہ خان، ان کے والدین، قوم اور تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے۔شہبازشریف نے  37 سال بعد یہ ٹائٹل پھر سے پاکستان کے نام کرنے پر حمزہ خان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حمزہ خان نے 1986 کے ورلڈ سکواش چیمپئن جان شیر کی فتح کی یاد تازہ کر دی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکواش میں پاکستانی پرچم دوبارہ بلند کرنے پر قوم حمزہ کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، امید ہے آنے والے وقت میں حمزہ سکواش میں پاکستان کو پھر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے حمزہ خان کو مبارکباد دیتے ہوئے زلمی فاؤنڈیشن کی جانب سے 10 لاکھ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کیا۔کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے حمزہ خان کی جیت کو تمام پاکستانیوں کے لئے قابل فخر لمحہ قرار دیا۔

 صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے حمزہ خان کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان 37 سال بعد ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ جیتنے میں کامیاب ہوا، ملک کانام روشن کرنے پر ہونہار حمزہ خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

 شاباش بیٹا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔





Share:

No comments:

Post a Comment

Recent Posts