کرائم تھرلر ’گناہ‘ ۔۔۔۔سسپنس سے بھرپور ڈرامے میں عورت کے کردار کی عکاسی شائقین کوبھاگئی
ڈرامہ سیریل ’گناہ‘ کرائم تھرلرہے جسے عدنان سرور نے ہدایت کاری کے کام سرانجام دیے ہیں اور محسن علی نے اسے تحریر کیا ۔6 اقساط پر مبنی ڈرامے کی کاسٹ بھی شاندار ہے جس میں صبا قمر، سرمد کھوسٹ، رابعہ بٹ، جگن کاظم اور دیگر شامل ہیں۔ڈرامے کی کہانی کی اگر بات کریں تو اس کی کہانی طاقتور زمیندار ملک حیات خان (سرمد کھوسٹ) کے گرد گھومتی ہے جو خود کو اس وقت بے بس حالت میں پاتا ہے جب اس کی بیوی گل نور (جگن کاظم) اپنے بیٹوں کے ٹیوشن ٹیچر احمد (علی رضا) کے ساتھ بھاگ جاتی ہے۔گل نور کو تلاش کرنے میں ناکامی کے بعد ملک حیات خان کے سسرال (روحی خان اور ظفر عباس) اپنی دوسری بیٹی گل مہر (صبا قمر) سے شادی کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔تاہم معاملات اس وقت ڈرامائی موڑ لے لیتے ہیں
جب ایک ایماندار پولیس افسر ایس ایچ او صبیحہ (رابعہ بٹ) عین موقع پر آجاتی ہیں اور اس بات کی تحقیقات کرنے کا فیصلہ کرتی ہے کہ معاملہ آخر کیا ہے، کیا ملک کی بیوی واقعی بھاگ گئی ہے یا کہانی کچھ اور ہے؟ایس ایچ او صبیحہ اس کیس کی تفتیش شروع کرتی ہیں اور ایسے شواہد سے پردہ اٹھاتی ہیں جس سے پتا چلتا ہے کہ گل نور کی گمشدگی کی کہانی وہ نہیں جو بتائی جارہی ہے۔ڈرامے کی تمام اقساط نشر ہونے کے بعد کئی ٹوئٹر صارفین نے ڈرامے کی کاسٹ کو بے حد سراہا، اس کے علاوہ رابعہ بٹ کے کردار کی تعریف اور ڈرامے کی کہانی کو بھی زبردست قرار دیا۔
معروف ہدایت کار اور اداکار سرمد کھوسٹ کو علاقے کے معزز اور طاقتور شخصیت کے کردار کو خوبصورتی سے نبھاتے ہوئے دیکھا گیا۔صبا قمر کی ڈائیلاگ ڈلیوری اور چہرے کے تاثرات سے بھرپور اداکاری نے ٹریلر میں روح پھونک دی ہے۔ جگن کاظم بھی نے اپنی صلاحیتوں کا خوب اظہار کیا ہے اور پولیس انسپکٹر کے روپ میں رابعہ بٹ نے اپنے کردار سے کافی انصاف کیا۔ کہانی کی ہر لمحہ بدلتی پیچیدہ صورت حال سسپنس پیدا کرتی ہے جو ناظرین کو آخری لمحے تک باندھے رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
رابعہ بٹ نے اپنے ڈراما سیریل ’گناہ‘ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’گناہ میری زندگی کا ایسا واحد پروجیکٹ ہے جس میں کام کرنے کے لیے میں نے ایک دن میں رضامندی ظاہر کردی تھی۔انہوں نے اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ میں نے اپنے کردار کو اپنے آپ کو حقیقت میں پولیس افسر تصور کرکے نبھایا تھا۔’گناہ‘ ڈرامے کی کہانی غیر روایتی ہے لیکن اس غیر روایتی پن کو جنون کی منطق دی گئی ہے اور اسے یونہی گھریلو کہانی بنا کر پیش نہیں کیاگیا۔ڈرامے میں ایک خاتون پولیس آفیسر کا ذمہ دار رویہ عورت کے مثبت رویے کا غماز ہے اور ہمیں علم ہو رہا ہے کہ خواتین کے ہر میدان میں آنے سے بھلے ان کی ذاتی زندگی متاثر ہو رہی ہے لیکن معاشرے میں مثبت تبدیلی بھی آ رہی ہے۔معلوم ہو رہا ہے عورت کا ہر فیلڈ میں ہونا کتنا ضروری ہے۔
عورت عورت کی دشمن والا فلسفہ پرانا اور مردانہ ہے۔ ایک عورت عورت کی کیفیات سمجھ کر اس کے مطابق فیصلے کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ وہ رخسار کو زندہ تلاش کرنے کا حکم دیتی ہے۔رابعہ بٹ نے ایس ایچ او کا بہت جاندار کردار ادا کیا ہے۔ صبا قمر ایک نفسیاتی بیمار، شدید احساس برتری میں مبتلا، مادیت کی ہوس کا شکار لڑکی دکھائی گئی ہے جس کردار کو اس نے خوب نبھایا ہے۔ سرمد کھوسٹ ملک حیات کے طور پہ جاگیردارانہ روئیے کو عمدگی سے ادا کر رہے ہیں۔
No comments:
Post a Comment