گیارھویں ٹی ایچ کیو ایم ایس کانفرنس کا انعقاد
سرکاری ہسپتالوں میں جدید کمفرٹ، کیئر، سروس ماڈل شہریوں کی سہولیات کے لئے متعارف کرادیا گیا: سیکرٹری صحت علی جان خان
لاہور(رپورٹ :شاہدہ بٹ) صوبائی سیکرٹری پنجاب علی جان خان نے کہا ہے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جدید کمفرٹ، کیئر، سروسز ماڈل متعارف کردیا گیا ہے جس سے ہسپتالوں کے نظام میں مثبت تبدیلیاں نظر آئیں گی۔ انہوں نے یہ بات محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے زیر اہتمام 11ویں ٹی ایچ کیو میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔کانفرنس میں پنجاب بھر سے آئے ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان نے شرکت کی۔
سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کہا اس ماڈل کے تحت کمفرٹ میں صفائی، پانی، پنکھے، بیٹھنے کی سہولیات، سکیورٹی اور جینیٹوریل سروسز جبکہ کیئر میں ٹیسٹنگ سہولیات، طبی آلات کا مکمل فعال ہونا، اور بائیو میٹرک نظام کا نفاذ اور سروس ماڈل میں ایمرجنسی، سرجری، ڈیلوری، ادویات کی فراہمی اور ڈائیلسز کی سہولیات شامل ہیں۔
سیکرٹری صحت کا کہنا ہے کہ ایم ایس صاحبان ہسپتالوں میں اپنی سیٹوں سے اٹھنا گوارا نہیں کرتے۔انہیں چاہیے کہ وہ مسائل کے حل کے لئے ہسپتالوں کا روزانہ دورہ کریں اور وڈیو فوٹیج پورٹل پر لوڈ کیا کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں کے سٹورز میں پڑا بائیو/نان بائیو میڈیکل سامان فوری استعمال میں لایا جائے تاکہ شہریوں کو ٹیسٹ کرانے کے لئے پرائیویٹ ہسپتالوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں وسائل کی کوئی کمی نہیں۔کسی مشین کی خرابی کی صورت میں ہیلتھ کونسل کے فنڈز سے مرمت کرائی جاسکتی ہے۔
علی جان خان نے کہا کہ تمام دیہی مراکز صحت کو بھی یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے ساتھ منسلک کروانے کے لئے اسٹیٹ لائف انشورنس اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن سے مسلسل روابط میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ایم یو کے ذریعے 106 نئی ڈائیلسز مشینیں اور 1448 فاؤلر بیڈز خرید لئے گئے ہیں۔ جبکہ تمام ہسپتالوں کے 10 فیصد پرانے بیڈز ہرسال تبدیل کئے جائیں گے۔علی جان خان نے کہا کہ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر شہریوں کی سہولیات کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔
سیکرٹری صحت نے ایم ایس صاحبان کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں کے وارڈز اور واشرومز کی صفائی کو یقینی بنایا جائے، تمام اے سی، پنکھے، واٹرکولرز، بیٹھنے کے بنچز اور دیگر مسنگ فیسلیٹیز فوری فعال کی جائیں۔ان اقدامات پر عملدرآمد کے لئے ہر ہفتہ جائزہ لیا جائے گا۔اس موقع پر سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب مہر ظفرحیات، سپیشل سیکرٹریز فاطمہ شیخ، عمارہ خان، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل اور ڈی جی ڈرگز کنٹرول محمد، ایڈیشنل سیکرٹریز ڈاکٹر یونس، راشد ارشاد، خضر افضال، سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف، پراجیکٹ ڈائریکٹرز ڈاکٹر خلیل سخانی، ڈاکٹر اختر رشید اور ڈاکٹر یداللہ بھی موجود تھے۔
No comments:
Post a Comment