ورلڈ ٹی بی ڈے سیمینار کا انعقاد
شہریوں کی سکریننگ، پرائیویٹ سیکٹر کے عملی تعاون کے بغیر ٹی بی کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا:ڈاکٹر جمال ناصر
لاہور(رپورٹ شاہدہ بٹ)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے شہریوں کی مکمل سکریننگ سے ہے ملک بھر میں ٹی بی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ دنیا میں ٹی بی سے متاثرہ 30 ممالک میں ہمارا ملک 5 ویں نمبر پر ہے۔ محکمہ صحت کے 757 ہیلتھ فیسلیٹیز میں مفت تشخیص اور علاج معالجہ کی جدید سہولیات دستیاب ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے عالمی ٹی بی ڈے کے سلسلہ میں ڈی جی ہیلتھ سروسز، صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام اور ڈبلیو ایچ او کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر جمال ناصر کہا کہ ٹی بی دشمن بیماری ہے جس نے ہمارے محبوب قائد محمد علی جناح کی جان لی۔ ہمارے پاس جین ایکسپرٹ ٹیکنالوجی موجود ہے جن کے ذریعے سکریننگ کرکے اس وبائی مرض کا مکمل خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2022 میں 9لاکھ 87 ہزار لوگوں کی ٹی بی سکریننگ کی گئی۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ یونیورسٹیوں، ڈاکٹرز کی تنظیموں کی رہنمائی اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے تعاون کے بغیر ٹی بی مرض کی خاتمہ ممکن نہیں۔ میڈیا عوام کی بھرپور آگہی دے کہ ہر شہری اپنی سکریننگ کروائے تاکہ انہیں اپنی طبعی حالت کا مکمل ادراک ہوسکے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں صرف سیاست ہوئی، شعبہ صحت کی کوئی خدمت نہیں کی گئی۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ 2030 تک ملک میں ٹی بی کا خاتمہ ہماری اولین ذمہ داری ہے۔میڈیا اور پرائیوٹ سیکٹر ٹی بی کے خاتمے میں پنجاب حکو مت کا ہاتھ بٹائے۔انہوں نے ٹی بی پروگرام کی کامیابی میں ڈبلیو ایچ او اور دیگر پرائیوٹ پارٹنرز کی خدمات کو سراہا۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے اس موقع پر ٹی بی پروگرام کے پارٹنرز، ورکرز اور کوآرڈینیٹر میں شیلڈز تقسیم کیں۔ سیمینار سے ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈاکٹر اشرف نظامی، گلاب دیوی ہسپتال کے پروفیسر ظہیر اور ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر عامر نے بھی خطاب کیا اور ٹی بی کے خاتمے کے لئے تجاویز دیں۔






.jpeg)


No comments:
Post a Comment