سنچری 99 پنجاب پولو کپ 6 فروری سے شروع ہو گا، پنجاب کپ اور نیشنل اوپن کی ٹرافیوں کی تقریب رونمائی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام سنچری 99 پنجاب پولو کپ پیر 6 فروری سے شروع ہو رہا ہے اس بات کا اعلان لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق نے سپانسر ادارے سنچری وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز ایاز لاکھانی، کامران افصل، وسیم مظہر، نازیہ وسیم، لاہور پولو کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبرز آغا مرتضیٰ علی خان اور آغا نجیب رضا سمیت پرہجوم پریس کانفرنس میں کیا گیا۔
اس موقع پر لاہور پولو کلب اور سنچری وینچرز کے درمیان میمورینڈم آف انڈرسٹیڈنڈنگ بھی سائن کیا گیا اور پنجاب کپ اور نیشنل اوپن کی ٹرافیوں کی تقریب رونمائی بھی منعقد کی گئی۔ لاہور پولو کلب کی تاریخ میں پہلی بار سنچری وینچرز لاہور پولو کلب کے تاریخی ایونٹ پنجاب پولو کپ اور نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ کو سپانسر کیا ہے۔ لاہور پولوکلب کے صدر عمر صادق کا کہنا تھا کہ ایشیا کا سب سے پرانا ایونٹ پنجاب پولو کپ کی تاریخ صدی سے بھی پرانی ہے۔ اس ٹورنامنٹ کو دنیائے پولو کا قدیم ترین ٹورنامنٹ سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے سنچری روینچرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹورنامنٹ سپانسر کیا۔
سپانسر ادارے سنچری وینچرز کے ڈائریکٹر ایاز لاکھانی کا کہنا تھا کہ لاہور پولو کلب جیسے تاریخی کلب میں اتنے شاندار ایونٹ کو سپانسر کرکے بہت ہی اچھا لگا۔ ڈائریکٹر سنچری وینچرز وسیم مظہر کا کہنا تھا کہ ہم سالوں سے لاہور پولو کلب کے کردار کو سراہتے تھے اور آج اس گیم کی سپورٹ کرنے کا حصہ بنے ہیں جو کہ بہت خوشی کی بات ہے۔ لاہور پولو کلب لاہوریوں کی پہچان ہے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور یہی ہمارا پیغام ہے۔ کلب کے ای سی ممبر آغا مرتضی علی خان نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں چھ سے آٹھ ٹیمیں شریک ہیں اور ہر ٹیم میں دو غیرملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں جن میں ارجنٹائن، ایران، انگلینڈ، سپین کے کھلاڑی شریک ہوں گے۔
ٹورنامنٹ سپروائز کرنے والے دونوں امپائرز بھی غیرملکی ہوں گے جن میں ایک انگلینڈ اور ایک ارجنٹائن سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 6 فروری کو ہوگا اور فائنل 12 فروری بروز اتوار کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کا سب سے بڑا پولو ایونٹ نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 6 مارچ کو شروع ہوگا۔







No comments:
Post a Comment