آئی ایم ایف جائزہ مذاکرات ختم: پاکستان کی اقتصادی صورتحال مثبت قرار
اسلام آباد(نیٹ نیوز)پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان دوسرے جائزہ مذاکرات مکمل ہوگئے ہیں اور مارچ میں پاکستان کو 45 کروڑ ڈالر کی تیسری قسط موصول ہونے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
آئی ایم ایف نے 3 سے 13 فروری تک جاری رہنے والے مذاکرات کا اعلامیہ جاری کر دیا جس کے مطابق پاکستان نے دسمبر تک تمام معاشی اہداف اور اسٹرکچرل بینچ مارکس حاصل کر لیے ہیں۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے حالیہ چند ماہ میں اصلاحات کے لیے اقدامات اٹھائے اور ترقیاتی و سماجی اخراجات میں اضافہ کیا۔آئی ایم ایف کے مشن چیف اَرنسٹو رمریز ریگو نے کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ تعمیری مذاکرات ہوئے، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں پاکستان کی فسکل کارکردگی بہتر رہی اور اصلاحات کے شعبے میں پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی سرگرمیوں میں بھی استحکام آیا ہے، حقیقی ایکسچینج ریٹ کی مدد سے کرنٹ اکاو ¿نٹ خسارہ کم ہوا جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں توقعات سے زیادہ اضافہ ہوا۔آئی ایم ایف مشن چیف کا کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں ملک میں مہنگائی میں کمی کی توقع ہے۔آئی ایم ایف مشن کی جانب سے اقدامات کو سراہے جانے کے بعد پاکستان کو مارچ میں 45 کروڑ ڈالر کی تیسری قسط ملنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کو 6 ارب ڈالر کے اس قرض پروگرام کے تحت آئی ایم ایف سے اب تک دو اقساط کی مد میں ایک ارب 45 کروڑ ڈالرز موصول ہو چکے ہیں۔







No comments:
Post a Comment