امریکی نمائندہ خصوصی کی آرمی چیف اور وزیر خارجہ سے ملاقات
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان میں دیرپا قیام امن کے لیے کی جانے والی کوششوں کے سلسلے میں امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد پاکستان پہنچے جہاں انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز میں آرمی چیف اور امریکی نمائندہ خصوصی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے می مجموعی صورتحال اور جاری افغان مصالحتی عمل پر تبادلہ خیال ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق زلمے خلیل زاد نے خطے میں امن کے باہمی مقصد کے لیے امن عمل میں معاونت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں زلمے خلیل زاد نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے علیحدہ ملاقات کی تھی۔دفترخارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں زلمے خلیل زاد نے طالبان کے ساتھ حالیہ بات چیت سے متعلق وزیر خارجہ کو بتایا اور افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ طالبان اور امریکا کے درمیان حتمی امن معاہدہ انٹرا افغان مذاکرات کی راہ ہموار کرے گا اور اس سے نہ صرف افغانستان بلکہ پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔







No comments:
Post a Comment