”میرے پاس تم ہو“ کی آخر ی قسط ،کون مرے گا کون زندہ رہے گا ، سسپنس
برقرار؟
کراچی(نیٹ نیوز) ڈرامہ”میرے پاس تم ہو“ کی آخری قسط کے حوالے سے کون مرے گا کون زندہ رہے گا سسپنس برقرار رہے گا۔سب سے زیادہ مقبول ہونے والے ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کی آخری قسط کل یعنی 25 جنوری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے بھی پیش کی جائے گی۔
اس ڈرامے کی آخری ڈبل قسط کا مداحوں کو بےصبری سے انتظار ہے کیوں کہ گزشتہ ہفتے اس ڈرامے کی کوئی قسط سامنے نہیں آئی تھی۔خیال رہے کہ میرے پاس تم ہو کی ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں جبکہ اس کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کی ہے۔
اس ڈرامے میں ہمایوں سعید، عائزہ خان اور عدنان صدیقی نے مرکزی کردار نبھائے جبکہ حرا مانی، سویرا ندیم، انوشے عباسی، مہر بانو، سید محمد احمد اور رحمت اجمل نے اہم کردار نبھائے۔ڈرامے کی اب تک 22 اقساط سامنے آچکی ہیں اور اب مداحوں کو آخری قسط کا بےصبری سے انتظار ہے جو 60 منٹ دورانیے کی ہوگی۔گزشتہ سال سے اب تک اس ڈرامے کے اداکار کہانی کے حوالے سے کئی انکشافات کرچکے ہیں۔
ایک انٹرویو میں ہمایوں سعید نے انکشاف کیا تھا کہ ڈرامے میں آگے جاکر ایک قتل بھی ہوگا جس کے بعد حرا مانی نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ ایک نہیں 2 کرداروں کا قتل دکھایا جائے گا۔بعدازاں عدنان صدیقی نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ آخری قسط کے ایک سین میں ہمایوں سعید اپنے والد کا ذکر کرتے نظر آئیں گے۔
ان تمام بیانات کے بعد مداحوں میں ڈرامے کے اختتام کو لے کر بےچینی میں اضافہ ہی ہوا ہے جبکہ آخری قسط سے قبل ڈرامے کی مکمل ٹیم سے بار بار یہی سوال پوچھا جارہا ہے کہ 'آخری قسط میں کیا ہوگا؟۔ڈرامے میں 'ہانیہ' نامی ٹیچر کا کردار نبھانے والی حرا مانی کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں ایک خاتون ان سے یہی سوال پوچھتی نظر آئیں۔
ویڈیو کی شروعات میں تو حرا نے غصے میں جواب دیا کہ 'میں تنگ آگئی ہوں اس سوال سے'، ساتھ میں اداکارہ نے آخری قسط کے حوالے سے کچھ بتانے سے انکار بھی کیا۔جس کے بعد غصے میں حرا مانی نے یہ بتادیا کہ ڈرامے کے آخر میں سب مرجائیں گے' اور یہ کہہ کر وہ خود پریشان ہوگئیں۔
ویسے تو مداحوں کو اس بات کا اندازہ ہے کہ ڈرامے کے آخر میں ہر کردار کا قتل نہیں ہوگا تاہم 2 کرداروں کا قتل ضرور دکھایا جائے گا اور مداح یہ جاننے کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں کہ وہ کون سے کردار ہوسکتے ہیں۔ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ ڈرامے میں شہوار اپنی اہلیہ ماہم اور دانش کے کردار کو گولی مار دے یا پھر یہ کہانی اس طرح بھی ختم ہوسکتی ہے کہ شہوار اپنی اہلیہ کو گولی مارے، وہیں مہوش شہوار کو جان سے مار دے۔
اور یہ بھی ممکن ہوسکتا ہے کہ مہوش خودکشی کرلے۔گزشتہ ہفتے سامنے آئے ایک پروگرام میں ندیم بیگ سے سوال کیا گیا کہ اگر آخری قسط میں کسی ایک کردار کو مارنا ہو تو وہ کس کو ماریں گے؟
اس پر ندیم بیگ کا کہنا تھا کہ وہ عائزہ خان کے کردار 'مہوش' کا مارنا چاہیں گے۔یاد رہے کہ ’میرے پاس تم ہو‘ کی کہانی شادی شدہ جوڑوں کے گرد گھومتی ہے، ڈرامے میں ایک شادی شدہ خاتون کو دوسرے شادی شدہ مرد کے ساتھ تعلقات استوار کرتے ہوئے اور اپنے شوہر سے طلاق حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس ڈرامے کی آخری قسط کو نشر ہونے سے رکوانے کے لیے پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی خاتون نے عدالت سے رجوع بھی کرلیا۔اس حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
No comments:
Post a Comment