ترکی میں 6.8 شدت کا زلزلہ، 22 افراد ہلاک،پاکستان کااظہار افسوس
ترکی (مانیٹرنگ ڈیسک )ترکی کے مشرقی حصے میں آنے والے 6.8 شدت کے طاقتور زلزلے سے 22 افراد ہلاک جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ ریسکیو ٹیمز تباہ حال عمارتوں کے ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کررہی ہیں۔
ڈیزاسٹر اینڈ منیجمنٹ پریزیڈینسی (اے ایف اے ڈی) نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کردی۔قبل ازیں اے ایف اے ڈی کا کہنا تھا کہ 922 افراد زخمی ہوئے، جس میں الازیع میں 560، ملاٹیا میں 226، خمرامانمراس میں 37، سانیفا میں 34، دیاربکر میں 34، ادیامان میں 25 اور بیٹ مین شہر میں 6 افراد زخمی ہوئے۔اے ایف ڈی اے کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کے بعد 5.1اور 5.4 شدت کے آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے۔
زلزلے کے بعد لوگ بدحواس ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور سرد ترین موسم میں خود کو گرم رکھنے کے لیے سڑکوں پر آگ جلا کر بیٹھے رہے، علاوہ ازیں جو لوگ اپنے گھروں میں واپس جانے سے خوف زدہ تھے انہیں طالبعلموں کے ہاسٹلز اور سپورٹس سینٹر منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ زلزلے سے متاثر ہونے والے افراد کی امداد کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور ہم اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ترک نشریاتی ادارے این ٹی وی کے مطابق مشرقی ترکی میں عراق اور شامی سرحد کے قریبی علاقوں کے علاوہ کئی صوبوں میں زلزلہ محسوس کیا گیا اور اطراف کے شہروں نے زلزلے کے متاثرہ مقامات پر ریسکیو ٹیمز روانہ کردی گئیں۔
علاوہ ازیں چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی ترکی میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کی ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق حکومت کی جانب سے مدد کی پیشکش پر پاک فوج کے دستے جن میں سپیشل ریسکیو اور ریلیف ٹیمز اور طبی سہولیات تیار ہیں۔
No comments:
Post a Comment