سوات مینگورہ سانحہ: جماعت اسلامی خواتین کا اظہار افسوس
لاہور/سوات :حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق، صدر وسطی پنجاب نازیہ توحید، اور صدر لاہور عظمیٰ عمران نے سوات مینگورہ کے دلخراش سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ڈپٹی سیکریٹریز ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹر زبیدہ جبیں، عفت سجاد، عائشہ سید، عطیہ نثار اور طیبہ عاطف نے بھی سانحے پر تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلے میں 18 قیمتی جانوں کا ضیاع قومی صدمہ ہے، متاثرین کئی گھنٹوں تک مدد کے لیے پکار لگاتے رہے، مگر بروقت امداد نہ پہنچ سکی۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں سیاحتی مقامات پر پیش آنے والے مسلسل حادثات مقامی حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ عوام ٹیکس ادا کرتے ہیں لیکن مشکل وقت میں ان کی جان کی حفاظت یقینی نہیں بنائی جا رہی، جو باعث شرم اور لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نےعوام سے اپیل کی کہ وہ موسم کی شدت میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
No comments:
Post a Comment