”کبھی میں کبھی تم“، شرجینا، مصطفی کی محبت نے شائقین کے دل جیت لیے،دنیا بھر میں عوامی پذیرائی ملنے لگی
”کبھی میں کبھی تم“، شرجینا، مصطفی کی محبت نے شائقین کے دل جیت لیے،دنیا بھر میں عوامی پذیرائی ملنے لگی۔فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر کی کیمسٹری کو بےحد پسندسراہاجارہا ہے اوران کی یہ جوڑی دنیا بھر میں مقبول ہورہی ہے۔اس ڈرامے میں دونوں کے مناظر کو بہت زیادہ پسند کیاجارہا ہے۔تاہم ڈرامہ شائقین طویل عرصے بعد جذبات سے بھرپور منفرد رومانوی کہانی کو چھوٹی سکرین پر دیکھ رہے ہیں۔
”کبھی میں کبھی تم“ کو فرحت اشتیاق نے تحریر کیاہے۔ اس کے ہدایتکار بدر محمود ہیں ۔ جو ڈنک، چیخ، بلا، عشقیہ، مجھے پیار ہوا تھا، جیسےکامیاب ڈراموں کے پیچھے ہیں۔اور ڈرامے کے پروڈیوسر فہد مصطفی اور ڈاکٹرعلی کاظمی ہیں۔ ڈرامے کی کاسٹ میں ہانیہ عامر، فہد مصطفی، عمادعرفانی۔ جاوید شیخ ، بشری انصاری ، مایا خان، زینب مظہر اور دیگر شامل ہیں۔
ڈرامے میں جاوید شیخ اور مایا علی سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں اور حیران کن طور پر ڈرامے میں مایا علی نے ہانیہ عامر کی والدہ کا کردار ادا کیا ہے۔یہ بیک وقت پاکستان اور بھارت میں یوٹیوب پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ بنگلہ دیشی ناظرین بھی اس ڈرامہ کی اپنے ملک میں کامیابی کے دعوی دار ہیں۔
ڈرامے کی کہانی شرجینا کے گرد گھومتی ہے ، جو شادی سے چند دن پہلے اپنی منگنی ٹوٹنے کے بعد اپنے سابقہ منگیتر کے چھوٹے بھائی مصطفی سے شادی کر لیتی ہے۔ مصطفی ایک لاپروا ہ شخص ہوتا ہے ، لیکن شرجینا کی محبت اور توجہ اسے آہستہ آہستہ ذمہ دار بنا دیتی ہے۔ اوسط کہانی کے باوجود ڈرامے کی بہترین کاسٹ سے اس ڈرامے کوزبردست کامیابی مل رہی ہے۔
مداح فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر سےاپنی گہری وابستگی ظاہر کر رہے ہیں۔ زیادہ تر ناظرین نے اظہار کیا کہ وہ اس ڈرامے کی سادہ اور حقیقت پسندانہ کہانی کی وجہ سے اس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
ڈرامہ کی کہانی تیزی سےآگے بڑھ رہی ہے اوردو مرکزی کرداروں شرجینا اور مصطفی کے درمیان کی کیمسٹری خوبصورتی سے آگے جارہی ہے۔ فی الحال ناظرین کو لگتا ہے کہ مصطفی اور شرجینا ایک دوسرے کے لئے بنائے گئے ہیں۔مصطفیٰ اور شرجینا اب ایک مضبوط ٹیم بن چکی ہے۔ اوروہ عدیل اور رباب کی واپسی کے ذریعے جذباتی طورپر ایک دوسرے کا ساتھ دے رہے ہیں۔
اس کی ایک قسط میں دکھایاگیا تھا کہ مصطفیٰ کے بڑے بھائی عدیل شرجینا سے شادی کرنے سے انکار کردیتے ہیں کیونکہ وہ رباب سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔والد افتخار بیٹے عدیل سے کہتے ہیں کہ میرا آخری فیصلہ سن لو، اگر تم شرجینا سے شادی نہیں کرو گے تو اس گھر میں نہیں رہو گے، تمہارا ہم سب سے تعلق ختم ہوجائے گا۔عدیل کہتے ہیں کہ ابا آپ بلاوجہ جذباتی ہورہے ہیں اگر آپ چاہتے ہیں تو میں مرتضیٰ انکل سے معذرت کرلیتا ہوں، آپ کو بالکل بھی شرمندہ نہیں ہونا پڑے گا۔
والد کہتے ہیں کہ اپنا فیصلہ سناؤ، اونچا سٹیٹس چاہیے یا پھر ہم سب۔‘ عدیل کہتے ہیں کہ ’آپ جلد بازی میں فیصلہ کررہے ہیں مجھے گھر سے نکال کر آپ کو کیا ملے گا، آپ کی تنخواہ میں تو گھر کی اشیا تک نہیں آتی، مصطفیٰ کچھ کرتا کراتا نہیں ہے، مجھے گھر سے نکالیں گے تو کچن کا خرچہ، بجلی پانی کے بلز، آپ کی اور امی کی دوائیاں یہ سب کچھ کون کرے گا۔افتخار کہتے ہیں کہ اگر تم نے فیصلہ کرلیا ہے تو اس گھر سے جاسکتے ہو اور ویسے بھی یہ چھوٹا سا گھر تمہارے شایان شان نہیں۔
عدیل کہتے ہیں ٹھیک ہے ابا جیسے آپ کی مرضی، مگر یاد رکھئے گا میں آپ لوگوں کو چھوڑ کر نہیں جارہا آپ مجھے اس گھر سے نکال رہے ہیں اگر کبھی لگے مجھے نکال کر غلطی کی تھی تو یاد کرلیجئے گا آپ کا بیٹا حاضر ہوگا۔
’کبھی میں کبھی تم‘ تقریبا ایک دہائی بعد فہد مصطفیٰ کا پہلا ڈرامہ ہے، ان کا آخری ڈرامہ 2015 کے اختتام پر نشر ہوا تھا، جس میں انہوں نے حریم فاروق سمیت دوسرے اداکاروں کے ہمراہ کام کیا تھا۔فہد مصطفیٰ نے نوجوانی میں ڈراموں میں اداکاری سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور ان کا پہلا ڈرامہ2003 میں سامنے آیا تھا۔
فہد مصطفیٰ تقریبا 12 سال یعنی 2015 تک ٹی وی ڈراموں میں کام کرتے رہے، اس کے بعد انہوں نے ڈراموں سے وقفہ لینے کا اعلان کیا تھا اور انہوں نے پوری توجہ فلموں کی اداکاری اور پروڈکشن پر دی تھی۔گزشتہ ایک دہائی کے دوران فہد مصطفیٰ نے متعدد فلموں میں کام کیا اور درجنوں ڈراموں اور فلموں کو پروڈیوس بھی کیا اور اب انہوں نے ٹی وی پر بطور اداکار بھی واپسی کردی۔
اس ڈرامے کی کہانی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر تعریف کے ساتھ ساتھ تنقید بھی ہورہی ہے،کچھ شائقین کے مطابق یہ کہانی بھارتی فلم ویک اپ سڈ کی کہانی ہے۔ ایک سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ کورین ڈراما ہیلر کی کاپی ہے۔ایک اور سوشل میڈیا صارف نے اس کا موازنہ ایک اور بھارتی فلم چلتے چلتے سے کیا ہے۔ بہت سے لوگوں کا کہنا تھا کہ فہد مصطفیٰ، ہانیہ عامر سے بڑے لگ رہے ہیں۔ چند مداحوں کو ہانیہ عامر کی اداکاری بھی پسند نہیں آئی۔ کچھ سوشل میڈیا صارف ہانیہ عامر اس ڈرامے میں اپنی اداکاری سے ناراض ہیں۔
No comments:
Post a Comment