یوایس قونصلیٹ اور جی سی یو کے درمیان کرکٹ میچ کا انعقاد، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات بھی موجود
لاہور: گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورمیں وائس چانسلر الیون اور امریکن قونصلیٹ لاہور کے مابین کرکٹ میچ منعقدکیاگیا۔ میچ میں یو ایس قونصلیٹ کی ٹیم سی جی الیون کی قیادت قونصل جنرل ولیم کے میکنلے نے کی جبکہ جی سی یو وی سی الیون کی قیادت وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر اصغر زیدی نے کی۔
دونوں ٹیموں میں خواتین اور مرد کھلاڑیوں کی برابر تعداد تھی۔ میچ کا انعقاد گلیکسی سپورٹس اکیڈمی،پی سی بی ویمن ونگ کی جانب سے کیا گیا تھا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے جی سی یو میں خواتین کے کھیلوں کی ترقی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے گزشتہ سال کھیلوں کی بنیاد پر خواتین کو داخلے دیئے اور انکی ٹیمیں بنائیں اور اس سال انٹر یونیورسٹی چیمپئن شپ میں خواتین کھلاڑی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
امریکی قونصل جنرل ولیم میکنلے کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امریکی مشن تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت اور قیادت کا حامی ہے۔ یہ ہمارا یقین ہے کہ خواتین کی مکمل اور منصفانہ شرکت پاکستان اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرتی ہے۔کھیلوں میں صنفی برابری کو سپورٹ کرنے کیلئے ورلڈ کپ کی فاتح قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان شہباز احمد سینئر، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق منیجر اظہر زیدی، سابق ہاکی پلیئر نسیم احمد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔






No comments:
Post a Comment