حفیظ سنٹر میں خوفناک آتشزدگی، کئی دکانیں تباہ، کروڑوں کے نقصان کا خدشہ
لاہور(نوائے درویش) صوبائی دارالحکومت کے علاقے گلبر گ میں واقع حفیظ سنٹر پلازے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی،ریسکیو 1122 کی 12 گاڑیاں اور دو اسنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ آگ پلازے کی دوسری منزل پرصبح 6 بجے لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تیسری اور چوتھی منزل کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ بجھانے کا عمل 2 گھنٹے تاخیر سے شروع کیا گیا جس کی وجہ متعلقہ عملے کا دیر سے پہنچنا بتائی گئی ہے۔
پلازے میں واقع دکانوں میں موبائل فون، کمپیوٹر سمیت الیکٹرانکس سامان موجود ہے جو آگ کی شدت بڑھانے کا سبب بن رہا ہے جبکہ پلازے کی چھت پر پڑے ڈیزل کے ڈرم جو جنریٹرز کیلئے استعمال کئے جاتے ہیں، نے بھی آگ پکڑ لی۔ ریسکیو کی 12 گاڑیاں اور دو اسنارکل آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں ۔
سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے کہا شہریوں کو آتشزدگی سے دور رکھا جا رہا ہے، شاپنگ سنٹر کو 2 حصوں میں تقسیم کر کے پچھلے حصے کو آگ سے بچا لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس پورشن میں آگ لگی ہوئی ہے وہاں ریسکیو عملہ آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ عمر شیخ نے کہا کہ دستیاب وسائل کو موثر طریقے سے استعمال کر رہے ہیں۔ دوسری جانب شاپنگ پلازے کے تاجر شکوہ کناں نظر آئے، سامان جلتا دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھیں نم ہوتی رہیں۔
پلازہ میں 10 ہزار سے زائد دکانیں موجود ہیں، پولیس نے پلازہ کے ساتھ ملحقہ فلیٹس کو بھی خالی کرالیا تاکہ مزید کوئی ناگہانی آفت پیش نہ آئے۔
آگ سے متاثرہ پلازہ میں دکانداروں نے اپنی دکانوں سے سامان نکالنے کی کوششیں کی اور کاروبار جلتا دیکھ کر کئی دکاندار بے بسی کے عالم میں رو بھی پڑے۔آگ کے باوجود کئی تاجر نچلی منزل سے سامان نکالنے پلازہ میں گھس گئے اور تاجروں نے کپٹروں میں سامان ڈال کر باہر نکالا۔
پلازہ سے سامان نکالنے کے لیے تاجر شاپنگ بیگ ڈھونڈتے رہے اور بعض تاجروں نے قمیضیں اتار کر موبائل فون ڈال کر باہر نکالے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شاپنگ پلازہ میں لگی آگ کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ۔عثمان بزدار نے حکم دیا کہ چھت پر موجود افراد کو سب سے پہلے ریسکیو کیا جائے، پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالنا پہلی ترجیح ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ لاہور کے پلازہ میں آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں، انتظامی افسران اور ریسکیو 1122 کے حکام کو آگ سے متاثر پلازہ پہنچنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبائی وزراء کی آمد پر تاجروں کا احتجاج
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں خالد آگ سے متاثرہ پلازے پر امدادی کارروائیوں کا جائزہ لینے پہنچے تو تاجروں نے صوبائی وزراء کے خلاف احتجاج اور نعرے بازی شروع کر دی۔









No comments:
Post a Comment