نوائے درویش ایسی ویب سائیٹ ہے جو آپ کومنفرد خبروں،سپورٹس،شوبز ، سیاست،مضامین،کالمز ،انٹرویوز اور نوائے درویش کے مضامین سے باخبر رکھے گی۔ اس کے علاوہ کچھ منفرد تصاویر جوآپ کی توجہ اپنی طرف لے جائیںگی۔ اس لئے باخبر رہنے کے لئے لاگ آن کریں نوائے درویش

قومی و بین الاقوامی سیاحوں کیلئے بڑی خوشخبری

قومی و بین الاقوامی سیاحوں کیلئے بڑی خوشخبری


چترال(نوائے درویش )قومی و بین الاقوامی سیاحوں کے لئے ایک اور اچھی خبر سامنے آگئی، پاکستان تاجکستان اور افغانستان کو ملانے والی واخان پٹی کو دیکھنے اور وہاں کی مقامی ثقافت اور مقامی کھیلوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنے کے لئے خیبرپختونخوا حکومت نے دو روزہ بروغل فیسٹیول کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔
بروغل خیبرپختونخوا کے ضلع چترال کا انتہائی شمال میں چترال سٹی سے تقریبا 250 کلومیٹر دور واقع واخان کی پٹی پرآخری سرحدی گائوں ہے اور یہی تاریخی واخان کی پٹی پاکستان کو وسطی ایشیائی ریاست تاجکستان سے جدا کرتے ہوئے سرحدی لکیر کا کام کرتی ہے اس لئے بروغل کے لوگوں کے رہن سہن اور طرز زندگی میں وسطی ایشائی رنگ کا حسین امتزاج بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
وزیراعلی محمود خان کی خصوصی ہدایات پر محکمہ سیاحت اور کھیل نے فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ فیسٹیول کا انعقاد 5 اور 6 ستمبر کوبروغل نیشنل پارک میں کیا جائے گاجس میں سیاح مقامی روایتی کھیلوں ہارس پولو، یاک پولو، ڈونکی پولو، بزکشی، رسہ کشی، کشتی اور آتش بازی کے علاوہ فٹبال، کرکٹ اور میراتھن ریس کے مقابلوں سے محظوظ ہونگے۔ علاوہ ازیں فیسٹیول میں مقامی روایتی کھانوں کی نمائش اور محفل موسیقی سمیت قدیم واخی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے متعدد دیگر سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا جبکہ سیاحوں کی سہولت کے لئے فیسٹویل کے مقام پر ایک ٹینٹ ویلج بھی قائم کیا جائے گا۔
علاقے کی مخصوص اور منفرد جعرافیائی و علاقائی خدوخال کی وجہ سے بروغل فیسٹیول ایڈونچر ٹورازم کے شائقین کے لئے انتہائی کشش کا باعث ہے جہاں پر سیاح دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ گلیشئیرز، دریاوں، ندی نالوں، جھیلوں، اونچے اونچے پہاڑی سلسلوں، متنوع جنگلی حیات اور قدرت کے دیگر سحر انگیز مناظر کا انتہائی قریب سے نظارہ کر سکتے ہیں۔
اس سلسلے میں وزیر اعلی محمود خان نے محکمہ سیاحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ بروغل فیسٹویل کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنانے اور وہاں پر سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ترضروری تیاریاں اور انتظامات بر وقت مکمل کیے جائیں۔

Share:

No comments:

Post a Comment

Recent Posts