وزیراعظم مہاتیر محمد نے استعفیٰ دے دیا
ملائیشیا(مانیٹرنگ ڈیسک)ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، انہوں نے اپنا استعفیٰ ملائیشیا کے بادشاہ کو بھجوادیا۔دوسری جانب ان کی سیاسی جماعت نے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے محض 2 سال سے بھی کم عرصے میں حکمراں اتحاد سے علیحدگی اختیار کرلی۔وزیراعظم کے دفتر سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا کہ مہاتیر محمد نے اپنا استعفیٰ بادشاہ کے محل دوپہر ایک بجے بھجوایا، تاہم اس بیان میں استعفے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔واضح رہے کہ یہ سیاسی ہلچل ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مہاتیر محمد کے حمایتیوں نے ان کے نامزد جانشین انور ابراہیم تک اقتدار کی منتقلی ناکام بنانے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ملنے کا منصوبہ بنایا تھا۔مہاتیر کی جانب سے استعفیٰ دینے کی پیشکش سے چند لمحوں قبل ہی ان کی جماعت بیراستو کا یہ اعلان سامنے آیا تھا کہ وہ سیاسی جماعتوں کے اتحاد کو چھوڑ دے گی اور مہاتیر محمد کی بطور وزیراعظم حمایت کرے گی جبکہ متعدد کابینہ وزیروں سمیت دیگر 11 قانون سازوں نے بھی انور ابراہیم کی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔یوں بیراستو کے 50 قانون سازوں اور انور ابراہیم کی پارٹی کے حکمراں اتحاد سے علیحدگی اختیار کرنے کی صورتحال نے اس حوالے سے شکوک و شبہات پیدا کردیے کہ کیا انور اقتدار سنبھالنے کے لیے مطلوبہ حمایت حاصل کرسکیں گے۔خیال رہے کہ مہاتیر محمد کے پہلے دور اقتدار کے دوران مہاتیر اور انور ابراہیم ملائیشیا کے 2 اعلیٰ ترین رہنما تھے جنہوں نے مئی 2018 کے انتخابات میں ایک بدعنوان حکومت کو ختم کرنے کے سیاسی معاہدے کے تحت اتحاد کرلیا تھا۔







No comments:
Post a Comment