بیجنگ میں چھٹیوں سے لوٹنے والوں کیلئے 14 دن کے قرنطینہ لازمی قرار
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک)پراسرار کورونا وائرس کے باعث چین کے دارلحکومت بیجنگ میں چھٹیوں سے لوٹنے والوں کے لیے 14 دن کے قرنطینہ کو لازمی قرار دیدیا گیا۔چین کے قومی ادارہ صحت نے وائرس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 143 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1523 ہوگئی ہے جب کہ کووڈ-19 سے متاثرہ 2641 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 66492 تک جا پہنچی ہے۔ چینی میڈیا کے مطابق وائرس کی وجہ سے چین کے مختلف شہروں سے بیجنگ لوٹنے والے تمام شہریوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ واپس آنے کے بعد اپنے آپ کو گھروں میں یا بتائے گئے حکومتی مراکز میں 14 دن تک قرنطینہ کریں۔14 دن قرنطینہ کا حکم خاص طور پر ان افراد کے لیے جاری کیا گیا ہے جوبیجنگ سے نئے چینی سال کو منانے کے لیے مختلف شہروں میں گئے تھے، یہ اقدام افریقی ملک مصر میں کورونا کا پہلا مریض سامنے آنے کے بعد اٹھایا گیا ہے۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھی پ ±راسرار کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ہزار سے تجاوز کرنے کے بعد اس سے ہونے والے مرض کو کووڈ-19 (covid-19) کا نام دے دیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈانوم کا کہنا ہے کہ باوجود اس کے کہ کورونا کے 99 فیصد کیسز چین میں ہیں، یہ وبا دنیا کے لیے سنگین خطرہ قرار ہے اور وائرسز کے اثرات دہشت گردانہ کارروائیوں سے زیادہ سنگین ہو سکتے ہیں۔ چین کے صوبے ہوبئی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کی تصدیق دنیا کے 25 ممالک ہو چکی ہے ۔ چین سے شروع ہونے والا جان لیوا کورونا وائرس براعظم افریقہ کے ملک مصر تک پہنچ گیا ہے۔مصر کی وزارت صحت نے ملک میں ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق کردی ہے جو غیر ملکی شہری ہے۔ مریض کو ہسپتال میں قرنطینہ (تنہائی) میں رکھا گیا ہے۔اب تک دو درجن سے زائد ممالک میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریض سامنے آچکے ہیں جن میں چین، جاپان، سنگاپور، ہانگ کانگ، تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، ملائیشیا، تائیوان، ویتنام، جرمنی، امریکا، آسٹریلیا، فرانس، مکاو ¿، برطانیہ، متحدہ عرب امارات، کینیڈا، فلپائن، اٹلی، بھارت، سپین، روس، نیپال، فن لینڈ، سوئیڈن، سری لنکا، کمبوڈیا اور بیلجیئم شامل ہیں۔







No comments:
Post a Comment