کورونا کھیل کے میدانوں میں پہنچ گیا
٭....پی ایس ایل کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل فی الحال ملتوی کردیا گیاہے
٭.... بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان سے معذرت کرلی ہے، پاک بنگلہ دیش میچز کراچی میں شیڈول تھے
٭....پاکستان سپر لیگ کی طرح انڈین پریمیئرلیگ بھی بری طرح متاثر ہوئی ،آئی پی ایل کو ملتوی کر دیا گیا ہے
محمدنویداسلم
کورونا کی وجہ سے پی ایس ایل کا شیڈول بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ دنیا اس وقت کورونا کے خوف میں مبتلا ہے۔ اس وجہ سے شہر کے شہر لاک ڈاﺅن ہورہے ہیںاور سب کی نظریںاس کے علاج اور ویکسین پر ٹکی ہوئی ہیں۔ اس مہلک مرض کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 کو ملتوی کردیا گیا۔ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز اور کل (18 مارچ) کو ہونے والے فائنل کو فی الحال ملتوی کردیا گیاہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک مختصر سی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کو ملتوی کردیا گیا، اسے بعد میں ری شیڈول کیا جائے گا اور مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پی ایس ایل سیزن 5 میں پلے آف کا مرحلہ ختم کرکے سیمی فائنل تک کردیا گیا تھا اور 22 مارچ کو ہونے والے فائنل کی تاریک کو تبدیل کرکے 18 مارچ کردیا گیا تھا۔
دنیا بھر میں پھیلنے والے اس کورونا وائرس سے مختلف کھیلوں کے مقابلے متاثر ہوئے ہیں اور اس کا اثر پی ایس ایل سیزن 5 پر بھی پڑا تھا۔
پی ایس ایل کو ری شیڈول کرتے ہوئے اس کے کراچی میں ہونے والے آخر کے میچز کو لاہور منتقل کردیا گیا تھا اور دونوں سیمی فائنلز اور فائنلز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے تھے۔
ایک درجن سے زائد غیر ملکی کھلاڑیوں اور ایک فارن کوچ نے لیگ کا حصہ بننے سے معذرت کر لی ہے، جن کھلاڑیوں نے پی ایس ایل چھوڑ کر جانے کی تصدیق کی ہے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے مطابق غیر ملکی کھلاڑیوں کی جانب سے لیگ چھوڑنے کا فیصلہ اس لیے لیا گیا ہے کہ انہیں مستقبل میں فلائٹ آپریشن معطل ہونے یا اپنے ممالک کے بارڈر بند ہونے کا خطرہ ہے، ان تمام کھلاڑیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے گا، دیگر کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے لیے بھی یہی پروٹوکول اپنایا جائے گا۔بات غیر ملکی کرکٹرز کے پاکستان چھوڑنے پر ہی نہیں رکی بلکہ کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل کے شیڈول میں بھی تبدیلی کردی گئی ہے۔
یہ خبر شائقین کرکٹ یقینی طور پر بجلی بن کر گری ہے، کرکٹ کے دیوانے اور مستانے نہ صرف ان مقابلوں سے خوب لطف اندوز ہو رہے تھے ۔کورونا وائرس کے پیش نظر بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان سے معذرت کرلی ہے۔بنگلہ دیش کے مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی ، پاک بنگلہ دیش میچز آئندہ ماہ کراچی میں شیڈول تھے۔
پاکستان سپر لیگ کی طرح انڈین پریمئر لیگ بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور انڈین کرکٹ بورڈ کی طرف سے آئی پی ایل کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ بھارت میں آئی پی ایل 29 مارچ سے شروع ہونے جارہی تھی تاہم دنیا بھر میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث اب بھارت نے اسے ملتوی کر دیاہے جو کہ اب 15 اپریل سے شروع ہو گی اور اس حوالے سے تمام فرنچائز کو پیغام پہنچا دیاگیاہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرکٹ بورڈ کے ذرائع تصدیق کر دی ہے کہ آئی پی ایل کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیاہے۔اسی طرح کورونا وائرس کے پھیلاو ¿ کے خدشات کے پیش نظر آسٹریلیا میں جاری کینگروز اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچز پر مشتمل چیپل ہیڈلی سیریز ٹرافی کے میچز بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جائیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے باعث جاپان میں ہونے والے اولمپکس گیمز 2020کو ملتوی کرنے کی تجویز دی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکا اولمپک گیمز کا سب سے بڑا رکن ملک ہے اور امریکا سے سب سے زیادہ کھلاڑی اولمپکس میں شریک ہوتے ہیں، اولمپکس 2020 کا آغاز 24 جولائی سے جاپان میں ہونا ہے تاہم کورونا وائس کے خدشات کے پیش نظر اس کا وقت پر انعقاد مشکل نظر آرہا ہے۔
دنیا بھر میں پھیلا بڑا خطرہ کورونا اب کھیل کے میدان بھی ویران کررہا ہے۔
No comments:
Post a Comment