عراق: احتجاج کا سلسلہ جاری
عراق(مانیٹرنگ ڈیسک)عراق میں نئے وزیراعظم محمد توفیق علاوی کی نامزدگی اور ان کی جانب سے خود کو آزاد قرار دینے کے اعلان کے باوجود عوام کی جانب سے شدید احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیرمواصلات محمد توفیق علاوی نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ انہیں عراق کا نیا وزیراعظم نامزد کیا گیا ہے جو ملک میں گزشتہ 4 ماہ سے جاری عوامی احتجاج اور سابق وزیراعظم عادل عبدالمہدی کے استعفے کے 2 ماہ بعد ہونے والی بڑی پیش رفت ہے۔
صدر برہام صالح کی جانب سے محمد توفیق علاوی کے اعلان کے فوری بعد عوام کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکلی اور مطالبہ دہرایا کہ سیاسی طور پر ایک آزاد شخصیت کو وزیراعظم بنایا جائے جس نے موجودہ حکومت میں اپنی خدمات انجام نہ دی ہوں۔
رپورٹ کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد اور نجف میں نوجوانوں نے رات بھر احتجاج کیا اور ٹائر نذر آتش کیے اور شاہراہیں بھی بند کردیں۔مظاہرین نے حکومتی عمارتوں کی طرف مارچ کیا اور کہا ہے کہ نئے وزیراعظم کو ہرگزقبول نہیں کیا جائے گا۔عراق میں کئی مہینوں سے جاری احتجاج کے بعد متفقہ طور پر نامزد کیے گئے علاوی کے حوالے سے نوجوان مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاوہ عوام کا انتخاب نہیں ہیں جبکہ اس فیصلے کی توثیق پارلیمنٹ میں ووٹنگ سے کی جائے گی۔







No comments:
Post a Comment